اسلام آباد(صباح نیوز)سابق چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہاہے کشمیرکے شہداء کے مقدس لہو سے بے وفائی نہ پہلے کسی کوراس آئی ہے نہ آئندہ آئے گی،گلبھوشن یادیو کو پاکستان عالمی سطح پر بطور شہادت پیش کرکے ہندوستان کا مکروہ چہرے بے نقاب کرے ،ہندوستان پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے تخریب کاری کررہاہے جس کے کھلے ثبوتوں کا حکمران خود اظہارکرتے ہیں،آزاد خطے کے عوام کے مسائل سے ہم لاتعلق نہیںرہ سکتے ،کشمیرکی آزادی اوربیس کیمپ میں عوامی مسائل کاحل ہماری ذمہ داری ہے،نریندرمودی مستند دہشت گرد ہے،بنگلہ دیشن میں برسرپیکار رہنے کا خود اعتراف اور اس پر فخر کرتاہے،مودی کے اقدامات پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں،مودی کی چیرہ دستیوں سے ہندوستان کے اندر کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیںہے،کلبھوشن یادیو کو پاکستان عالمی سطح پر بطور شہادت پیش کرکے ہندوستان کا مکروہ چہرے بے نقاب کرے اور دنیا کو باور کروائے کہ ہندوستان کس طرح تخریبی کارویوں کے ذریعے امن کو تباہ کررہاہے،
ان خیالات کااظہارانھوں نے میڈیا کے نمائندوںسے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ بیس کیمپ کو حقیقی بیس کیمپ بنانے میںکامیاب ہوجائیںتو کشمیرکی آزادی کے لیے ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں،ہندوستان کو مقبوضہ کشمیرمیں شکست ہوچکی ہے،نہتے کشمیریوں نے 15لاکھ فوج کو شکست سے دوچار کیاہواہے مظفرآباد اور اسلام آباد کا کردار فیصلہ کن ہوگا،اسلام آباد والوں کو فیصلہ کن کردار کے لیے مظفرآباد والوں کو جاندار اور شاندار حکمت عملی بنا کرتیار کرنا ہوگا۔ہندوستان کشمیر کو طشتری میں رکھ نہیں دے گا،اس کے لیے ہمہ گیر جدوجہد کرنی ہوگی،عالمی سطح پر رائے عامہ کو ہموار کرنا ہوگا،دوست ممالک کو اپنی پشت پر لانا ہوگا،دشمنوں کی تعداد کم کرنا ہوگی،او آئی سی کے پلیٹ فارم کو فعال اور متحرک کرنے سے ہندوستان کودبائو میں لایا جاسکتاہے۔ہندوستان کو یہ غلط فہمی اپنے دل سے نکالنی ہوگی کہ وہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کو غلام رکھ سکے گا،اگر ہندوستان نے تقسیم برصغیر کے مطابق اور اپنے عہد کوپورا کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق دے دیاتو وہ بچ سکتاہے اگر نہیں تو کشمیرکی آزادی کی بدولت ہندوستان کے اندر کئی ریاستیں آزاد ہونے کا اعلان کریںگی۔