حرمت رسول ۖ ہماری جانوں سے بڑھ کر عزیز، اک حرف بھی قابل قبول نہیں، دردانہ صدیقی


کراچی(صباح نیوز)مرکزی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے بی جی پی کی ترجمان کی جانب سے حرمت رسول ۖ کی اہانت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاتمہ رسول نے اپنی گندی زبان سے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کرکے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، اس شرمناک عمل سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل چھلنی ہوئے ہیں،

اپنے جاری بیان میں دردانہ صدیقی نے کہاکہ ملعونہ کے رہنما اور بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے تاحال خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ سب کچھ سوچے سمجھے منصوبے اور آر ایس ایس کے ہندوتوا پرچار کے تحت کیا گیا ہے۔ مودی کے اقتدار میں مذہبی آزادیوں کو کچلا اور مسلمانوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔او آئی سی اور عالمی برادری بھارتی انتہا پسندی کا فوری نوٹس لے۔ ملعونہ کی ہرزہ سرائی پر بی جے پی کی طرف سے صرف پارٹی رکنیت معطل کرنا کافی نہیں،گستاخی رسول نا قابل معافی جرم ہے عبرت ناک سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ خاتم الانبیا احمد مجتبی محمد مصطفی صلی اللہ عیلہ وسلم کی ذاتِ گرامی پوری دنیا کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتی ہے، اسے اگر چھیڑا جائے گا تو مسلمان بالکل بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے، مسلمان اپنی گردنیں تو کٹا سکتے ہیں، مگر حرمت رسول پر ایک حرف بھی برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ شانِ رسالت میں گستاخی کے خلاف عرب دنیا کی جانب سے شدید ردعمل بالخصوص بائیکاٹ انڈیا مہم خوش آئند ہے، پاکستانی حکمرانوں کو بھی چاہیے کہ بھارت میں ریاست کی سرپرستی میں ہونے والے توہین رسالتۖ کے خلاف فوری طور پر سفارتی محاذ گرم کیا جائے، اور عالمی برادری کو بھارت کے خلاف سخت اقدام اور کارروائی پر آمادہ کیا جائے۔