مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے تین کشمیری نوجوانوں کی رہائی کا حکم دے دیا


سری نگر: مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے تین کشمیری نوجوانوں پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ  کالعدمقرار دے کر ان کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

کے پی آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ کے جسٹس سنجے دھر نے ضلع پلوامہ کے راجپورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے عمر رشید ڈار اور نیلورہ، لیتر کے مصدق غفار لون پر عائد پی ایس اے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکومت کو ہدایت دی کہ دونوں افراد کو فوری طور حراست سے رہا کیا جائے بشرطیکہ دونوں کسی دوسرے کیس کے تحت قید نہ کئے گئے ہوں۔

وہیں جسٹس علی محمد ماگرے کی بنچ نے لاچی پورہ، بارہمولہ کے منظور احمد لون پر عائد پی ایس اے کو بھی کالعدم قرار دیا۔ لون پر 30 دسمبر 2020 کو ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ نے پی ایس اے عائد کرکے انہیں جیل بھیجنے کے احکامات صادر کیے تھے۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر خصوصا وادی کے درجنوں نوجوان جموں و کشمیر سمیت ملک کی مختلف جیلوں میں قید ہیں اور بیشتر نوجوانوں کو پی ایس اے کے تحت قید کیا گیا ہے۔