وزیراعظم کی ہدایت پرسلمان صوفی کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ


لاہور(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر پرائم منسٹر اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے رات گئے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مسافروں کے ذاتی سامان کی ضبطگی کی شکایات اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

سلمان صوفی نے کسٹمز حکام کو ہدایت کی کہ وہ سامان کی وصولی سے لے کر معائنہ تک سہل طریقہ کار بنائیں تاکہ مسافروں کو آسانی ہو۔

انہوں نے مسافروں کے ساتھ لائے گئے کسی بھی ذاتی تحائف اور کھانے کو ضبط نا کرنے کی بھی ہدایت کی۔مسافروں کو فوری طور پر بچوں کو سٹرولرز فراہم کرنے اور معذور مسافروں کے لیے خصوصی کمرہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی جہاں پرواز میں تاخیر ہونے پر وہ آرام کر سکیں۔

سلمان صوفی نے اس موقع پر کہا کے نئے اور بہتر ائیرپورٹ آپریشن ریفارم کا جلد اعلان کیا جا رہا ہے،سلمان صوفی نے پورٹرز کی تعداد بڑھانے پر بھی ہدایات جاری کردی۔

سلمان صوفی نے کہا کے ایوی ایشن ڈویژن کے ساتھ مل کر ائیرپورٹ کو نئے طرز پر چلانے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وزیراعظم شہبازشریف کے ویژن کے مطابق مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔