کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سابقہ وموجودہ حکمران غیروں کی غلامی اور عوام کاخون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔ ثابت ہوگیا کہ چہروں سے نہیں نظام کی تبدیلی سے ہی ملک وقوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ عوام اپنے مسائل کے حل اور کرپٹ قیادت سے نجات کے لیے بدلیاتی انتخابات میں اہل ودیانتدار نمائندوں کو ووٹ دیں۔ سندھ کو اپنے حصہ کا پانی دیا جائے حکومتی نا اہلی کی وجہ سے آج سندھ کے عوام مہنگائی بے روزگاری ، اور بدامنی سے پریشان جبکہ کاشتکار زراعت اور لوگ پینے کے صاف پانی سے محرو م ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امین مسجد ٹنڈو الہیار میں تنظیمی اجلاس اور پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ امیر ضلع دیدار حسین بہرانی ، حاجی شفیق مغل ،راو جاوید احمد ، عاشق حسین خانزادہ ،عبدالوحید کے کے ودیگر ارکان شوری و ذمہ داران بھی اس موقع پر ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حالیہ مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل گئیں ہیں جس کی وجہ سے اب عوام کا سانس لینا بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی نے 3 سالہ دور میں 56 روپے جبکہ شہباز شریف کی اتحادی حکومت نے ایک ماہ میں ایک ہفتہ کے دوران ایک ساتھ 60 فی لیٹر پٹرول مہنگا کر کے عالمی رکارڈ قائم کر دیا ہے۔آخرعوام کو ہی کیوں قربای کا بکرابناکرسارا بوجھ ان پرڈالاجا رہا ہے۔
ملک کومعاشی حالات ٹھیک کرنے ہیں توایثاروقربانی کا مظاہرہ اپنی ذات سے شروع کرنا ہوگا اس لیے ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے سب سے پہلے ارکان ،پارلیمنٹ ججز و جرنیلوں اور بیو رو کریسی کی تنخواہ ومراعات میں کمی کی جائے۔صوبائی امیر نے دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کا جائزہ اورذمے داران کو ہدایات کی کہ وہ اس حوالے سے بھرپورحکمت عملی بنائیں۔