جماعت اسلامی سندھ کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کیخلاف کراچی،کندھ کوٹ،سکرنڈ ،ٹنڈومحمد خان میں مظاہرے


کراچی ( صباح نیوز) اتحادی حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پیٹرول قیمتوں میں ہوش ربااضافے کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی سمیت کندھ،ٹنڈومحمد خان اورسکرنڈ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، مقررین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو زندہ رہنے کا حق دیا جائے اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

کندھ کوٹ میں لئبرری چوک پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں قائم اتحادی حکومت نے ایک ہفتہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں دو مرتبہ60روپے اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو رلیف دینے کے دعویدار وزیراعظم نے اب عوام کے تن سے بھی کپڑے اتارنے کا تہیہ کرلیا ہے،عوام پہلے ہی مہنگائی،بے روزگاری وبدامنی سے تنگ تھے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ان پر بجلی بن کر گرا ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس سے حکمران اتحاد کی عوام دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے، حکمران آئی ایم ایف کی غلامی میں اس حد تک گرچکے ہیں کہ انہیں عوام کی مشکلات بھی دکھائی نہیں دے رہی، جو لوگ ”مہنگائی مکائو مارچ” کرکے سابقہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے وہ اب عوام کو برداشت کا سبق پڑھانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری واپس،سودی نظام معیشت کا خاتمہ اور آئی ایم ایف کی غلامی سے قوم کو نجات دلائی جائے۔جو زخم عمران حکومت نے گذشتہ چار سالوں میں عوام کو دیئے ان پر مرہم رکھنے کی بجائے موجودہ حکومت نے نمک پاشی کردی ہے، امریکہ اور اائی ایم ایف کے نوکر عوام کو زندہ درگور کرنے کے درپے ہیں۔

ایک ہفتے میں ایک ہی بار ساٹھ روپے تک اضافہ عوام دشمنی کی بدترین مثال ہے، گھی کی ایک تھیلی کی قیمت600روپے قوم کے ساتھ سراسر ظلم ہے،مظاہرے سے ضلعی جنرل سیکریٹری جان گل خلجی،غلام مصطفیٰ میرانی نے بھی خطاب کیا۔سکرنڈ میں جماعت اسلامی کے تحت چانڈیہ پمپ تا سینما چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے نائب امیر ضلع شہید بینظیرآباد کنور راشد مکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کا خون نچوڑنے والی ظالم حکومت نے .پیٹرول کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچانے والے حکمران عوام کی بجائے آئی ایم ایف اور امریکہ کے مفادات کی نگہبانی کررہے ہیں، یہ لوگ عوام کے نہیں اپنے آقائوں کو خوش کرنے کیلئے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے اسلئے اب قوم کو چاہئے کہ بار بار آزمائے ہوئے جاگیرداروں،وڈیروں،صنعت کاروں کی بجائے جماعت اسلامی کے دیانتدار قیادت کو منتخب کرکے ملک کی ترقی اور مسائل سے نجات حاصل کریں ۔ سکھر:جماعت اسلامی کے تحت نیویارڈ روہڑی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی میں اضافہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ سلطان لاشاری نے کہا کہ مہنگائی بیروزگاری سمیت دیگر ملکی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت صرف جماعت اسلامی رکھتی ہے، جس کا واحد حل یہ ہے کہ لوگ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور آئندہ ہر انتخابات میں صرف ترازو کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، پیٹرولیم ، بجلی گیس کی قیمتوںمیں اضافہ سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت کے پاس کوئی معاشی پالیسی نہیں ، موجودہ حکومت پر سابقہ پیش رو پی ٹی آئی کی حکومت کی پالیسوں پر عملدرامد کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔جماعت اسلامی ضلع ٹنڈومحمد خان کے تحت مقام راجو نظامانی میں مقامی امیر عامر شیخ، عبدالوحید نظامانی ،عبیداللہ نظامانی کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔