کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس میں ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد اور قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے نادرا اور اسٹیٹ بینک کو حکم د یتے ہوئے وفاق اورایف آئی اے کو فریق بنانے کا حکم دے دیا ،جبکہ ڈی جی ایف آئی اے کو سرحدی علاقوں کی نگرانی اور کارروائی کا حکم اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا ،
جسٹس اقبال کلہوڑو نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ نظر رکھی جائے بچی غیر قانونی طریقے سے سرحد پار نہ کرسکے۔سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس آغا فیصل نے کی، دعا کے والدین عدالت میں پیش ہوئے۔آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ گزشتہ روز مجھے آئی جی تعینات کیا گیا ہے۔
غلام نبی میمن نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں پولیس نے متعلقہ 16افراد گرفتار کیے،3کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑدیا اور1نے ضمانت کرالی جبکہ 12 لوگ گرفتار ہیں۔جسٹس اقبال کلہوڑونے استفسار کیا کہ کیا پولیس کو کوئی کامیابی ملی ہے اوراب تک کیا ملا ہے؟۔آئی جی نے بتایا کہ پولیس کے پاس کچھ مصدقہ اطلاعات ہیں اورکوشش کررہے ہیں۔آئی جی سے عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کی کون حمایت کررہا ہے اور کوئی تو ان کے پیچھے ہیں،ہم محسوس کررہے ہیں کہ یہ انسانی اسمگلنگ کا کیس ہے۔آئی جی نے بتایا کہ ظہیر کا والد جامعہ پنجاب کے رجسٹرار کا ڈرایئور تھا اور وہ لوگ اپنے تعلقات کو استعمال کررہے ہیں۔
عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کیا لاہورہائی کورٹ میں کوئی پیش ہوا ہے اور اب تک کیا ظہیرکے خاندان کا کوئی فرد آیا ہے۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دئیے کہ ہم چاہتے ہیں کہ دعا زہرا آجائے اور بیان دے دے، کیس یہاں ہوا ہے اور یہیں چلنا چاہئے۔دعا زہرا کے والد نے عدالت کو بتایا کہ ہم بہت پریشان ہیں اور عدالت کچھ کرے، ہم بڑی امیدیں لگا کر یہاں آتے ہیں۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کا جو بھی اختیار ہے وہ کررہی ہے، ہم ہر ممکن اقدامات کیلئے حکم دے رہے ہیں۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ ہم نے 7ٹیمیں بچی کی بازیابی کیلئے بھیجی ہیں۔عدالت نے واضح کردیا کہ جب تک بچی نہیں آئے گی، یہ معاملہ چلتا رہے گا تاہم ہم بار بار حکم دے چکے ہیں مگرکچھ نہیں ہورہا ہے۔آئی جی سندھ نے عدالت کو یقین دلایا کہ میں ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ محنت اور ایمانداری میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔جسٹس اقبال کلہوڑونے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ ہمیں ٹائم فریم دیں کہ کب بچی کو پیش کریں گے؟۔ آئی جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ ہم ایمانداری سے کوشش کررہے ہیں کہ بچی کو جلد بازیاب کروائیں۔دعا زہرا کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے وفاق اورایف آئی اے کو فریق بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے کو سرحدی علاقوں کی نگرانی اور کارروائی کا حکم دیا ہے۔عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا اور حکم دیا کہ لڑکی کو بیرونِ ملک منتقلی سے روکا جائے۔عدالت نے نادرا اور اسٹیٹ بینک کو ملزمان کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دیا اور نامزد ملزمان کا قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے سابق آئی جی کامران فضل کو جاری کردہ شوکاز نوٹس واپس لے لیا۔عدالت نے سماعت 10 جون تک کیس کی سماعت ملتوی کردی اور دعا زہرا کو پیش کرنے کا حکم دیا۔