کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں ملٹی اسٹوری بلڈنگوں میں قائم سپراسٹورز کو ختم کیا جائے،تمام سپراسٹورز کا فوری طور پر معائنہ کیا جائے کہ ان میں آگ بجھانے ،لوگوں کی امداد اور عملہ کو محفوظ بنانے کیلئے کیا بندوبست کیا گیا ہے، مکینوں کے نقصان کا ازالہ اور آئندہ اس طرح کے واقعات کا سدباب کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے۔ملٹی اسٹوری میں رہائش پذیر مکینوں کے نقصانات کا ازالہ نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی ان مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیل چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں قائم ڈپارٹمنٹل اسٹور میں آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کا جائزہ،متاثرہ مکینوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔صوبائی امیر نے خوفناک آتشزدگی سے ایک نوجوان کے جانبحق اور املاک کے نقصان پر دلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے واقعہ کی ذمہ داری سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ہے۔ بدقسمتی ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور دارلخلافہ کراچی کو لاوارث چھوڑدیا گیا ہے۔
نجی اسٹور میں آتشزدگی سے پوری انتظامیہ بے بس نظر آئی اور بروقت ومکمل آگ بھجانے کا کوئی بندوبست نہیں ہے، حقیقت یہ ہے کہ رہائشی عمارتوں کا بیسمنٹ مقامی لوگوں کی پارکنگ کیلئے تیار کیا جاتا ہے مگر مالکان انتظامیہ کی ملی بھگت سے کمرشلائز کردیتے ہیں جس کی وجہ سے رہائشی اذیت کا شکار اور ٹریفک جام ہوتا ہے اسلئے اس طرح کے واقعات سے بچنے کیلئے تمام ملٹی اسٹوری بلڈنگوں سے سپر اسٹورز کو ختم کیا جائے۔#