پاکستان کا روشن مستقبل دیانتدار قیادت سے وابستہ ہے،محمد حسین محنتی


میرپورخاص ( صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل دیانتدار قیادت سے وابستہ ہے،بدترین مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔عوام بھوک و افلاس اور بیروزگاری کے باوث خودکشیاں کر رہے ہیں،حکمرانوں نے انتہائی سخت شرائط پر قرضوں کی صورت ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی باجگزار ریاست بنادیا ہے۔تعلیم ،انصاف ،معیشت،نظام حکومت اور خارجہ پالیسی سمیت ہر چیز عالمی اداروں کو گروی کردی ہے۔ حکمران اپنی مراعات اور سہولیات ختم کرنے کے بجائے مہنگائی کا سارا بوجھ عوام پر مسلط کر رہے ہیں عالمی طاقتوں کے آلہ کار ،کرپٹ بدعنوان سیاستدانوں نے ملک کو تباہی کے گڑھے میں ڈال دیا ہے۔معیشت کو ٹھیک کرنا ہے تو سب سے پہلے حکمران،بیوروکریٹس،جج اور جرنیلوں کی مراعات ختم کی جائیں،عوام کو ہمیشہ قربانی کا بکرا بنایا جاتا رہا ہے لیکن چندخاندان ملکی خزانے کی بندربانٹ میں مصروف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ مرکزی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکرز کنونشن سے ضلعی ا میر محمد افضال آرائیں، مقامی امیر محمد رفیق چوھان اور سیکریٹری ظفراقبال مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں مختلف یوسیز کے نامزد یوسی چیئرمین وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز ،ورکرزاور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر تمام نامزد امیدواران کا تعارف کرایا گیا جنہوں نے اجتماعی طور پر ہاتھ بلند کرکے شہریوں کی بلا امتیاز خدمت اور شہر کو خوبصورت بنانے اور تعمیر و ترقی عزم کیا۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ سندھ اور وفاق میں برسراقتدار پیپلزپارٹی کی بدترین حکمرانی کی وجہ سے آج تیل،کوئلے اور گیس سے مالا مال امیر سندھ کے عوام بھوک، بدحالی،بیروزگاری کی وجہ سے معصوم بچوں سمیت خودکشیاں کرنے پر مجبور جبکہ سندھ پر قابض ٹولے کی دولت میں دن بدن مزید اضافہ ہوتا رہا ہے، ان حالات میں سندھ کے لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک اور قوم کی خدمت کی ہے،جماعت اسلامی کے وزراء ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں پر آج تک کوئی کرپشن کا الزام تک نہیں لگا،سراج الحق،نعمت اللہ خان،عبدالستار افغانی سمیت منتخب قیادت نے عوامی خدمت اور دیانت کی روشن مثالیں قائم کرکے اپنوں اور غیروں کو بھی گرویدہ بنالیا۔

ہم اقتدار میں ہوں یا اقتدار سے باہر ہمیشہ انسانیت کی بلا امتیاز رنگ و نسل مذہب خدمت میں یقین رکھتے ہیں، سیلاب،زلزلہ ہو یا طوفانیں بارشیں جماعت اسلامی نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کو عوام کی خدمت کی ہے،قوم نے موقع دیا تو ایک بار پھر خدمت اور دیانت کے ساتھ ملکی ترقی،عوام کی بھلائی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔آج ہر پاکستانی ملک کے مستقبل اور استحکام کے حوالے شدید مایوسی کا شکار ہے،حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سرحد و  بلوچستان سے ٹھنڈی ہواکے جھونکے آنا شروع ہوئے ہیں انشاء اللہ اندرون سندھ و کراچی کے عوام بھی اب بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کی بجائے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کو ووٹ دیکر اپنی خدمت کا موقع دیں گے، جماعت اسلامی کے منتخب امیدوار عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔