مظفرآباد(صباح نیوز) حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مقبوضہ ریاست سمیت پوری دنیا میں کشمیریوں نے 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر یہ پیغام دیا کہ بھارت سے آزادی کے سوا کشمیری عوام کے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے ،
ترجمان متحدہ جہاد کونسل سید صداقت حسین کے مطابق اپنے جاری ایک بیان سید صلاح الدین نے کہا کہ نامعلوم افراد کے ہاتھوں کئی کشمیریوں کے قتل اور پھر اس کی آڑ میں بھارتی قابض فورسز نے پچھلے کئی دنوں سے معصوم بچوں اور جوانوں کی اغوا کاری کا سلسلہ تیز کیا ہے اور باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 2000سے زائد افراد کو رات کی تاریکی میں حراست میں لے کر بھارت کی مختلف جیلوں میں ٹھونس دیا گیا ہے۔ اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے اور افسوس اس بات کا ہے کہ خود ساختہ عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں،صرف تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔آخر کب تک بھارتی حکمرانوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر یہ ادارے اور ممالک خاموش تماشائی بنے رہیں گے۔
سید صلاح الدین نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ 17 سال قبل گرفتار کشمیری محبوس رہنما ضیا ء مصطفی کو پچھلے دنوں کورٹ بلوال جیل جموں سے نکال کر پونچھ کی سرزمین میں جعلی مقابلے میں قتل کیا جاتا ہے اور ابھی تک عالمی ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس کھلم کھلا اور سنگین انسانی خلاف ورزی پر لب نہیں کھولے ہیں۔
سید صلاح الدین نے پاکستانی حکمرانوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے ہورہی نسل کشی اور انسان حقوق کے خلاف سنگین خلاف ورزیوں پر نیم جان بیانات داغنے کے بجائے پوری دنیا میں اپنا سفارتی محاذ متحرک کریں اور دنیا کو بھارت کا بھیانک چہرہ دکھاکر،کشمیری عوام کی نسل کشی کرنے کے بھارتی اقدامات کو رکوانے میں اپنا فریقانہ کردار ادا کریں۔
متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ بھارتی قیادت اور ان کی فورسز بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اس بوکھلاہٹ کا اندازہ لگانا اب کوئی مشکل بات نہیں رہی ہے۔ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئیگا جب آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور اور ہر اندھیرا،مٹ جائیگا۔اللہ تعلی کا واضح ارشاد ہے کہ حق آگیا،باطل مٹ گیا، بے شک باطل مٹنے ہی والا ہے۔