کراچی ( صباح نیوز ) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مدارس کے مہتمم و اساتذہ کرام، مساجد کے خطیب ، امام، مؤذن، نمازیوں، ڈاکٹرعافیہ کے سپورٹرز اور قوم سے اپیل کی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے ذی القعد کے مہینے میں روزآنہ مساجد، مدارس اور اپنے گھروں میں قرآن مجید کے ایک پارے کی تلاوت کا اہتمام کریں۔
عافیہ موومنٹ پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کو ایک ہفتہ گذرگیا ہے مگر وزارت خارجہ نے اب تک اہلخانہ کی ڈاکٹر عافیہ سے ٹیلی فون پر بات نہیں کرائی ہے۔ میرا اور میری والدہ عصمت صدیقی کا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ ”اللہ رب العزت ہی عافیہ کو امریکی قید سے رہائی دلائے گا اور عافیت کے ساتھ وطن واپس لائے گا”۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 20 سالوں سے حکمرانوں اور ارباب اختیار کو ان کے اس دینی، قومی اور آئینی فریضہ کی ادائیگی کیلئے یاددہانی کرا رہے ہیں تاکہ روز محشر حجت قائم ہوسکے اور کوئی بھی عذر لنگ پیش نہ کرسکے۔
انہوں نے کہ جامعہ ام القریٰ، مکہ مکرمہ، جامعة الازہر،مصر اور مفتیان کرام پاکستان کا فتویٰ ہے کہ ”تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ اگر کوئی مسلمان مرد یا عورت کفار کی قید میں ہو تو اس کی رہائی کیلئے جانی ، مالی و بدنی ہرممکن کوشش کی جائے”۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی سنت ہے کہ اگر کوئی قوم اس کے نازل کردہ احکامات پر عمل نہیں کرتی ہے تو وہ اس کی جگہ نئی قوم کو لے آتا ہے۔
انہوں نے قوم کو دعوت دی کہ اللہ کے قہر و غضب سے بچنے کیلئے اس سے مدد مانگیں اور اپنی کوششیںجاری رکھیں تاکہ روز محشر ”اللہ اور اس کے رسول ۖ ” کی بارگاہ میں سرخرو ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ذی الحج کے مہینے کے آغاز پر قرآن مجید کی تلاوت مکمل ہو نے پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے بین الاقوامی سطح پر ”آن لائن اجتماعی دعائوں ” کا اہتمام کیا جائے گا۔