کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک میں قرآن وسنت کا نظام ہی مہنگائی بے روزگاری،لاقانونیت اورکرپشن سمیت تمام مسائل کاحل ہے۔ اللہ کے دین کی سربلندی اورجنت کے حصول کے لیے جدوجہد ایک بڑا مشن ہے۔ محمد اسماعیل گندرو دعوت دین عملی نمونہ تھے ان کی دینی ودعوتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق امیر ضلع ٹھٹھہ اور علاقے کے معروف سیاسی وسماجی شخصیت محمد اسماعیل گندرو کی وفات پر ان کے گھر سونڈا میں لواحقین سے تعزیت کے بعد اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی نائب قیم مولانا آفتاب ملک، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،بشیراحمد بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ امیر ضلع ٹھٹھہ الطاف احمد ملاح، سابق ایم این اے ڈاکٹر عبدالواحد سومر،پوتے وامیرشہرٹھٹھہ عبداللہ آدم گندرو سمیت معززین وقریبی رشتہ دار بڑے تعداد میں موجود تھے، مرحوم کے بڑے صاحبزادے اورملاح فورم کے رہنما ڈاڈا آدم گندرو اہل خانہ سمیت عمرے کی سعادت حاصل کرنے ان دنوں سعودی عرب میں ہیں۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ محمد اسماعیل گندرو نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمات اور اقامت دین میں خرچ کر دی۔ 1977 میں پی این اے کے مشترکہ امیدوار قومی اسمبلی تمام تر مشکلات اور صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود میدان میں ڈ ٹے رہے اور استقامت کے ساتھ مقابلا کیا۔ 20 سال سے زائد عرصہ وہ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر رہے ضلع ٹھٹھہ کے کونے کونے میں اللہ کے دین کی دعوت دی پورا خاندان تحریک سے وابستہ ہے۔ واضح رہے کہ 81 سالہ مولانا اسماعیل گندرو کچھ عرصے سے فالج کے حملے کی وجہ سے گھرمیں صاحب فراش تھے۔ان کے بیٹے پوتے داماد سمیت پوراخاندان جماعت اسلامی سے وابستہ اورمختلف ذمہ داریوں پرخدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی بدھ یکم جون کو ایک روزہ دورے پر میرپورخاص پہنچیں گے،وہ میرپورخاص میں منعقدہ بلدیاتی کنونشن سے خطاب کے علاوہ دعوتی وتنظیمی امور کا جائزہ بھی لیں گے، ضلعی امیر محمد افضال آرائیں،مقامی رفیق چوہان بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔