مقبوضہ کشمیر میں طالب علم آصف شبیر نائیک کی گرفتاری قابل مذمت ہے، علی رضا سید


برسلز(صباح نیوز)چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گرفتار کشمیری طالبعلم  آصف شبیرنائیک کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

برسلز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ  مقبوضہ کشمیر میں طالب  علم  آصف شبیر نائیک کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔واضح رہے  کہ آصف شبیر نائیک جو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ایک بین الاقوامی یونیرورسٹی میں زیرتعلیم ہیں اور حالیہ دنوں اپنے وطن مقبوضہ کشمیر میں موجود تھے، کو  سیکورٹی فورسسز نے گرفتار کرلیا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوگئی ہے اور خاص طور پر بھارت  کی موجودہ مودی حکومت کشمیری نوجوانوں کی زندگیاں تباہ کررہی ہے۔ کشمیری نوجوان ماورائے عدالت قتل کئے جارہے ہیں اور ہزاروں بے نام قبریں اس بات کا ثبوت  ہیں کہ بڑی  تعداد میں مقبوضہ کشمیر  کے لوگ حراست کے دوران تشدد سے  مارے جاچکے ہیں۔

بھارت میں زیرتعلیم کشمیری طلبا پہلے ہی حکومت نواز بھارتی انتہاپسندوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور اب دنیا کے دیگر ممالک میں تعلیم حاصل کرنے والے کشمیریوں کو بھی بھارتی سیکورٹی اداروں کے ذریعے نشانہ بنایا جارہا ہے۔  علی رضا سید نے کہاکہ  عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیرکی گھمبیر صورتحال کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری خصوصا یورپی نیون یونین کو  کشمیریوں کے حقوق کی پامالیاں روکوانے کے لیے  بھارت پر دبا ڈالنا چاہیے۔