کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی اور سودی نظام سے نجات حاصل کئے بغیر ملک ترقی اور عوام مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتے، 13 جماعتی اتحادی حکومت نے ملکی تاریخ میں 30 روپے فی لٹراضافہ کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔جسکی وجہ سے نہ صرف مہنگائی کا نیا طوفان، روزہ مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوش رْبا اضافہ بلکہ پوری معیشت پر اس کے اثرات پڑیں گے،ایک حکومت کے جانے اور دوسری حکومت کے آنے کے باوجود عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ سے ثابت ہوگیا کہ محض حکومتوں و چہروں سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔حکمران ٹولہ معاشی بحران کا بہانہ بناکر عوام کی زندگی اجیرن کرنے کی بجائے پیٹرول قیمتوں اضافہ واپس،شاہی اخراجات اور اپنی مراعات و سہولتوں میں کمی کریں۔ امیر جماعت سراج الحق کی اپیل پر اتوار کو پورے سندھ میں پٹرول قیمتوں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ طاہر مجید، امیر ضلع رفیق منصوری، نائب امیر مشتاق عادل، جنرل سیکرٹری عبدالغفور انصاری اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹنڈوآدم سمیت پورے سندھ میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے حدبندیوں سمیت اپنی مرضی کے آروز، ڈی آروز اور عملہ کی تعیناتی اور اسکروٹنی کے باوجود مخالفین کے فارم رد کرواکر سندھ میں پری پول رگنگ کا آغاز کردیا ہے، چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان راجہ سکندر سلطان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کا سختی سے نوٹس لیکر سندھ میں فری اور فیئربلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
امیر صوبہ نے سندھ میں نہری پانی کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ سندھ کو اپنے حصہ کا پانی فراہم کیا جائے، نیز دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناکر ٹیل کے کاشتکاروں تک پانی پہنچایا جائے۔ دریں اثناء انہوں نے بلدیاتی امیدواروں کے کنونشن ، برادر تنظیمات اور حلقہ خواتین کے اجتماعات سے الگ الگ خطاب اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے ٹنڈوآدم کے سینئر صحافی ملک احسان غوری کی ہمشیرہ اور جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکن عبدالحمید لودھی کی وفات پر ان کے اہل خانی سے تعزیت اور درجات بلندی کی دعا کی۔