سکھر(صباح نیوز)پانی کا شدید بحران سر پر آگیا، ایک بار پھر سندھ کے بیراجوں پر پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے، گزشتہ ایک ہفتے سے تربیلا ڈیم مسلسل ڈیڈ لیول پر ہے۔سکھر چشمہ بیراج پر بھی پانڈ لیول ڈنڈ لیول پر آگیا، چشمہ بیراج کا اخراج ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک سے کم ہو کر 75ہزار کیوسک ہوگیا۔
علاوہ ازیں تونسہ بیراج پر اخراج 92 ہزار کیوسک سے کم ہو کر74 ہزار کیوسک رہ گیا اور گڈو بیراج پر بھی پانی کم ہونا شروع ہو گیا ۔گزشتہ 24 گھنٹے میں گڈو بیراج پر 5 ہزار کیوسک کی کمی ہوئی جبکہ اگلے 24 گھنٹے میں سکھر بیراج پر بھی پانی کم ہوجائے گا۔
محکمہ آبپاشی نے کہا کہ سکھر بیراج سے نکلنے والی تمام نہروں میں پانی کی شدید قلت کا اندیشہ ہے۔پانی کے بحران سے متعلق محکمہ آبپاشی نے وزیر اعلی سندھ کو آگاہ کردیا ۔
محکمہ آبپاشی نے بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی ہے۔