جماعت اسلامی کے تحت ”حقوق کراچی کارواں”کل ہوگا ،تیاریاں اور انتظامات مکمل


کراچی(صباح نیوز)شہر میں پانی کے شدید بحران ، ٹینکرمافیا اور واٹر بورڈ کی ملی بھگت اور کراچی کے لیے  650ملین گیلن کے کے-4منصوبے میں کٹوتی ،سرکاری سرپرستی میں کے الیکٹرک کی ظلم وذیادتی ،شدید لوڈشیڈنگ اورنرخوں میں اضافہ ،کراچی کے نوجوانوں کی سرکاری ملازمتوں میں حق تلفی اور جعلی مردم شماری کے خلاف کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول اور گھمبیر مسائل کے حل کے لیے  جماعت اسلامی کے تحت اتوار 29مئی کو شام 4بجے مزار قائد سے ایک عظیم الشان اور تاریخی ”حقوق کراچی کارواں ”نکلے گا ،جو ضلع قائدین و وسطی ،شمالی کے مختلف مقامات  لسبیلہ، گلبہار، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی،پاور ہائوس چورنگی ، شفیق موڑ ، سہراب گوٹھ اور فیڈرل بی ایریا سے ہوتا ہواسپر مارکیٹ لیاقت آباد پرختم ہوگا،کارواں کاجگہ جگہ شاندار استقبال ہوگا ۔ حیدری اور لیاقت آباد سپر مارکیٹ پر بڑے جلسہ عام ہوں گے ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کارواں کی قیادت کریں گے ،کارواں کی تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ،شہر بھرسے قافلے امراء اضلاع کی قیادت میں مزار قائد پہنچیں گے ،کارواں کی تیاریوں اور رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جمعہ اور ہفتہ کو شہر بھر میں اہم پبلک مقامات ،بڑی شاہراہوں اور چورنگیوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ،حافظ نعیم الرحمن نے ہفتے کو لیاقت آباد میںقائم مرکزی کیمپ کا دورہ کیا  اور قریبی مارکیٹوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں حقوق کراچی کارواں کے ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے۔

اس موقع پرانہوں نے  میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا حقوق کراچی کارواں ہوگا۔ کراچی کے عوام اپنی فیملیز کے ساتھ حقوق کراچی کارواں میں شرکت کریں۔ کراچی منی پاکستان ہے،  تمام تر مسائل کے باوجود یہ اجڑا ہوا اور لٹا ہوا شہر پورے ملک کوچلاتا ہے۔لیاقت آباد مارکیٹ کراچی کے ٹیکس میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتی ہے ،کراچی کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کیا گیا ہے اور اس جرم میں تمام پارٹیاں ملوث ہیں۔ کراچی کے عوام پر سب سے بڑا ظلم اس کی آبادی کو آدھی کردیاگیا۔ آدھی آبادی کے لحاظ سے ہی وسائل اور اسمبلیوں میں نمائندگی دی جاتی ہے۔

کراچی کی آبادی کو اگر درست شمار کرلیا جائے تو وزیر اعلی کراچی اور حیدرآباد سے بھی منتخب ہوسکتا ہے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم حکومت نے کراچی کی جعلی مردم شماری کی منظوری دی ۔جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے پانی کا آخری منصوبہ K3 مکمل کروایا۔ آج 17 سال ہوگئے ایک گیلن پانی کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔ کے الیکٹرک نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور اووربلنگ کرکے ظلم ڈھایا ہوا ہے۔ اس سب کے باوجود پرائیوٹ کمپنی کو تو گیس فراہم کی جاتی ہے لیکن گھروں میں گیس نہیں ملتی۔فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ لیاقت آباد کراچی کا وہ علاقہ ہے جہاں پورے کراچی سے تعلق رکھنے والے شہری اپنے روزگار کے لیے یہاں آتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک سے اہلیان لیاقت آباد میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے۔ 29 مئی کو پورے کراچی سے حقوق کراچی کاررواں کے لیے شہری لیاقت آباد میں جمع ہوں گے۔ اس موقع پر سیکریٹری کراچی منعم ظفر خان ، سکریٹری ضلع کامران سراج،صدر رئوف کریانہ مارکیٹ شاہ زیب فاروقی،صدر جیولرز ایسوسی ایشن لیاقت آباد اکرم قریشی،فنانس سیکریٹری اسمال ٹریڈرز لیاقت آباد بابر بنگش،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔

دریں اثناء ”حقوق کراچی کارواں ”کے سلسلے میں ہفتے کو رات گئے تک عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں جاری رہیں ،شہر بھر میں قائم کیمپوں پر کارکنوں اور ذمہ داران نے شہریوں کو کارواں میں شرکت کی دعوت دی ،عوام کی طرف سے بڑی پذیرائی اور جو ش وخروش دیکھنے میں آیا ،ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے ،مختلف علاقہ جات کے تحت گلی محلوں میں اور بڑی سڑکوں اور شاہراہوں پر موبائل پبلسٹی کی جاتی رہی اور فلوٹ نے بھی گشت کیا ،کیمپوں پر حقوق کراچی تحریک اور زبردست عوامی جدوجہد پر مبنی ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی ،علاوہ ازیں ”حقوق کراچی کارواں ”کے روٹ پر بڑے پیمانے پر جماعت اسلامی کے جھنڈے اور اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق پر مبنی بینرز اور بل بورڈآویزاں کئے گئے ہیں ،جگہ جگہ کارواں کے شرکاء کا استقبال کیا جائے گا ۔