کراچی کارواں امید کی کرن ہے ،عوام بھرپور شرکت کرکے اپنی بیداری کا ثبوت دیں،محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز)  امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت عوامی بیداری اورشہر کے بنیادی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے اتوار29مئی کوکراچی کارواں کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوام کے دلوں کی آواز قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی نے شہر کرچی میں بجلی، ٹرانسپورٹ، شناختی کارڈ اور پانی سمیت صحت صفائی کے مسائل اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ اس سے قبل جماعت اسلامی کے نمائندوں نے سابق میئر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے شہر کی تعمیر وترقی اورعوام کی خدمت میں دن رات ایک کرکے خدمت دیانت وامانت کی مثال قائم کی۔جن کے کام وکردار سے شہر کا بچہ بچہ واقف ہے ۔

کراچی میں رہنے والوں کاپانی ،بجلی، ٹوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر روزانہ لوگوں کامنہ چڑھاتے ہیں رہتے ہیں، اگر یہاں کے شہری چاہتے ہیں کہ واقعی کراچی ترقی کرے تو ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے کہ ہم جماعت اسلامی کی ”کراچی کو حق دو” تحریک کا ساتھ دیں، محمد حسین محنتی نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج جماعت اسلامی کراچی کے کارواں میں بھرپور شرکت کرکے اپنی بیداری کا ثبوت دیں۔