خیبرپختونخواحکومت کی پالیسی طلبہ کیساتھ دشمنی کے مترادف ہے ،پروفیسرابراہیم


بنوں(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر و سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے حکومت کی تعلیم دشمن پالیسی کو مسترد کرتے ہیں ، مڈل کلاسز کے طلبہ کو اگلی کلاسز میں پروموٹ کی جائے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر پروفیسر محمد اجمل خان،نائب امیر مولانا تمیزالدین،سابق سیکرٹری اطلاعات مولانا ہدایت اللہ بھی موجود تھے پروفیسر محمد ابراہیم خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت خیبر پختونخوا حکومت کی تعلیمی پالیسی مڈل کلاسز کے طلبہ کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے مڈل کلاسز کے طلبہ کے امتخانات ہوچکے ہیں لیکن نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے طلبہ کا وقت ضائع ہورہا ہے ہم ہرگز حکومت کی یہ پالیسی تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے کہاکہ طلبہ کا وقت پہلے ہی کورونا کی لہر کی وجہ سے ضائع ہوچکا ہے اب جبکہ حالات تقریبا نارمل ہیں تو امتحانات کے نتائج کا اعلان جلد کر دیا جائے اور مڈل کلاسز کے طلبہ کو اگلے کلاسز کو بھیجا جائے بصورت دیگر طلبہ کے والدین سراپا احتجاج بن جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں موجودہ حکومت نے مہنگائی کی انتہا کردی، ہمارے غریب عوام پر آئے روز مہنگائی کا نیا نیا بم گرایا جارہا ہے گذشتہ روز حکومت نے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا ہے جس سے مہنگائی مزید بڑھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی کی مخالفت کرتی ہے حکومت عوام کو سہولت دے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول اور اپنی تجوریاں بھرنے کے بجائے ایک خود دار قوم ہونے کا ثبوت دے آئی ایم ایف کے کہنے پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر پوری قوم حکومت پر لعنت بھیجتی ہے۔