اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںو کشمیر شاخ کے زیراہتمام حریت پسند لیڈر محمد یاسین ملک کو بھارت کی کینگری عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنائے جانے کے خلاف فیصل مسجد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے مختلف بینر اور کتبے اٹھے رکھے تھے جن پر بھارت کے خلا ف، آزادی اور یاسین ملک کے حق میں نعرے درج تھے ،اس موقع پر مظاہرین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی،
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماوں نے بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنما یسین ملک کو دی جانے والی عمر قید کی سزا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری لیڈر کو دی جانے والی یہ سزا بھارت کا متعصبانہ اور ظالمانہ اقدام ہے یسین ملک کو آزادی کی آواز بلند کرنے پر سزا دی گئی ہے،انہوں نے کہاکہ آزادی کی جدوجہد کرنا اور اپنے حق کیلیے آواز بلند کرنا ہر کشمیری کا بنیادی فرض ہے ، بھارت کے تمام تر مذموم حربوں کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کیلیے جدوجہد ہر حال میں جاری رکھیں گے ،
حریت رہنماوں نے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری اپنے منز ل کے حصول تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں ،انہوں نے مقبوضہ علاقے میں روزانہ کے تلاشی آپریشنز اور محاصروں کی بھی مذمت کی جن میں خاص کر کشمیری نوجوانوں کو قابض سیکورٹی فورسز کی جانب سے قتل کیا جاتا ہے ، حریت رہنماوں نے واضح کیا کہ بھارت ماورائے عدالت قتل ،حریت رہنماوں کو کالے قوانین کے تحت جیلوں میں قید کرنے یا انہیں سزا دینے سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔
حریت رہنماو ں نے کہاکہ بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیاں مسلم دشمنی پر منبنی ہیں بھارت تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کیلیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے لیکن بھارے کے تمام تر حربوں کے باوجود ازادی کی تحریک پورے عزم و حوصلے سے جاری رہے گی ،بھارت کو کشمیر سے نکلنا ہوگا ظلم کی سیاہ رات ختم ہوکر رہے گی مقررین نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت اور کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیرقانونی طریقے سے قید کئے گئے یاسین ملک سمیت تمام حریت ر ہنماوں اور کارکنوں کی رہائی کے لئے بھارت پر دباو بڑھا ئے،
مقررین نے کہا کہ یسین ملک کو دی جانے والی سزا غیر قانونی ہے اپنی آزادی کی بات کرنا اور آزادی کیلیے جدوجہد کرنا کوئی جرم نہیں ہے کشمیری قوم بھارت کے اس اقدام کی مذمت کرتی ہے اور بھارت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں سے کیے گے وعدے پورے کرے جب تک کشمیریوں کو ان کا حق حق ازادی نہیں مل جاتا کشمیری اپنی تحریک ازادی کو جاری رکھیں گے،
مظاہرے میں حریت کانفرنس کے کنوینئر محمد فاروق رحمانی ،حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین ،حریت کانفرنس کی رہنماء محترمہ شمیمہ شال،محمود احمد ساغر، پرویز ایڈووکیٹ، سید فیض نقشبندی، منظور احمد ڈار، امتیاز وانی ، حسن البناء ،راجہ شاہین ،محمد اشرف ڈار، شیخ عبدالمجید، زاہد مشتاق ،زاہد صفی ، سید گلشن احمد،عبدالمجید لون دیگر رہنماوں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔۔