کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک وقوم کی مفاد کی بجائے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن وایجنڈے کو پورا کرنے والے حکمرانوں سے کسی خیر کی امید نہیں کی جاسکتی، ن لیگی وزیر خزانہ کا یہ کہنا کہ ”پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی نہیں بڑھے گی کی لاجک سمجھ سے باہر اور عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رکارڈ 30روپے تک اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کیلئے کافی ہے، جبکہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کی نوید سنائی جارہی ہے ،ایسا لگتا ہے موجودہ اتحادی حکومت تبدیلی سرکار کے ہاتھوں رہی سہی کسر پوری کرنے پر تل گئی ہے، مہنگائی مکائو مارچ کرنے،ٹریکٹر مارچ کرنے والوں کو اس ظلم پر سانپ سونگھ گیا ہے، زرداری ،مولانا فضل الرحمن کو شہباز شریف حکومت کیخلاف بھی اب مارچ کرنا چاہئے،عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے وعدوں پر برسراقتدار آنے والوں نے ساڑھے تین سالوں کی کسر ایک ماہ میں پوری کردی ہے،
مہنگائی کی آگ پر پیٹرول چھڑکنے والے غریب عوام کی آہ سے ڈریں، لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں ،پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا نیا سیلاب آئے گا جس میں غریب عوام غرق ہوجائیں گے، عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے حکومت چھوڑدینے کی دعویدار لیڈرشپ کو چاہئے کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر مہنگائی کے مزید بم گرانے کی بجائے حکومت چھوڑکر اگلے الیکشن کا اعلان کریں، حکومت نے پورا ملک آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ،یہ لوگ عوام کے ساتھ دشمنوں سے بھی بدتر سلوک کررہے ہیں، ملکی مسائل اور عوام کو رلیف دینے کا کام صرف جماعت اسلامی کی پڑھی لکھی، دیانتدار قیادت ہی کرسکتی ہے۔