شہباز تتلہ قتل کیس،ایس ایس پی مفخرعدیل کو عمرقید کی سزا


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی سیشن عدالت نے شہباز تتلہ قتل کیس میں ایس ایس پی مفخرعدیل کو عمر قید کی سزا سنادی۔عدالت نے 2 سال 3 ماہ بعد ایس ایس پی مفخر عدیل کے خلاف قتل کیس کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے مفخرعدیل کے شریک 2 ملزمان کو بری کردیا۔

جون 2021 میں لاہور ہائی کورٹ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ کیس میں گرفتار ایس ایس پی مفخرعدیل کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔ہائیکورٹ میں دوران سماعت ملزم کے وکیل نے موقف اختیارکیا تھا کہ شہباز تتلہ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں اورپولیس نے بے بنیاد مقدمے میں گرفتارکیا ہے۔

پراسیکیوشن نے بتایا تھا کہ مفخرعدیل پرشہباز تتلہ کو قتل کرنے کا الزام ہے جس کا مقدمہ تھانہ نصیر آباد پولیس نے درج کیا گیا تھا۔مدعی کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مفخرعدیل نے مقتول شہباز کو اغوا کے بعد قتل کیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں میں اغوا کرنے کی فوٹیج منظرعام پر آئی تھی۔

واضح رہے کہ شہباز تتلہ اور مفخرعدیل پرانے دوست تھے۔مفخر نے غیرت کے نام پر شہباز کو قتل کرکے ان کی لاش تیزاب کے ڈرم میں ڈال کر گلادی تھی۔