طوفان الاقصیٰ آپریشن دنیا میں اسرائیلی بیانیے کے خاتمے کا باعث بنا،مہاتیر محمد


استنبول (صباح نیوز)ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیرمحمد نے کہا ہے کہ سات اکتوبر 2023 کو طوفان الاقصی آپریشن دنیا میں اسرائیلی بیانیے کے خاتمے کا باعث بنا، اور اس نے قوم کی بیداری کو بھی تازہ کیا۔مہاتیرمحمد نے ترکیہ کے شہراستنبول میں کوالالمپور فورم برائے فکر و تہذیب کی ساتویں کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

یہ کانفرنس “فلسطین، تہذیبی بیداری کا لیور” کے عنوان سے منعقد کی گئی۔ تین روزہ کانفرنس کل ( منگل تک) جاری رہے گی۔مہاتیرمحمد جو فورم کے چیئرمین ہیں نے ایک ریکارڈ شدہ تقریر میں کہا کہ فورم اپنے قیام سے لے کر اب تک اپنے بنیادی مقصد پر قائم ہے، جس کا مقصد ملک کے معاملات اور بہبود میں دلچسپی رکھنے والے مفکرین اور ماہرین تعلیم کو اکٹھا کرنا ہے۔مہاتیر نے زور دے کر کہا کہ طوفان الاقصی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر فورم کے وقت کا انتخاب بہت اہم ہے، کیونکہ فلسطینیوں نے دنیا کو یہ پیغام دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ ظالمانہ پالیسیوں، محاصرے اور آباد کاری کو مسترد کرتے ہوئے اپنی سرزمین کو آزاد کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سات اکتوبر کو امریکی اور یورپی یونیورسٹیوں کے طلبا کے مظاہروں اور بین الاقوامی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی تاریخی پوزیشن سمیت کچھ ممالک کی پوزیشنوں میں ایک بیداری پیدا ہوئی۔مہاتیر محمد نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان ممالک کے رہنمائوں کی مذمت کی جائے جو فلسطین، لبنان اور ایران کے خلاف جارحیت کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے   کہا کہ جب ہم خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں تو کم از کم ہم اسرائیل، امریکہ اور ان کے جرائم میں ملوث افراد پر لعنت بھیج سکتے ہیں۔