کراچی(صباح نیوز)کراچی ایئرپورٹ کے قریب رات گئے غیر ملکیوں کے قافلے پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں اہم معلومات سامنے آگئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے قریب غیر ملکی شہریوں پر ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تفتیش مکمل ہوگئی، تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ یہ دھماکہ خودکش تھا۔ کراچی ایئرپورٹ کے قریب مہران کار میں سوارحملہ آور غیر ملکیوں کے نکلنے کا انتظار کررہا تھا ، جیسے ہی وہ ان کے قریب پہنچے تو دہشت گرد نے مہران کار کو غیرملکیوں کی گاڑی سے ٹکرادی جس سے زوردار دھماکہ ہوا اور کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ کار میں ممکنہ طور پر بارودی مواد موجود تھا جس سے گا ڑی مکمل تباہ ہوگئی، کار کی نمبرپلیٹ، انجن اور چیسز نمبر حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چینی عملے کو لے جانے والے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب کراچی دھماکے سے متعلق خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی، بم ڈسپوزل ایسٹ ، ساتھ اور ویسٹ کی ٹیمیں مشترکہ طور پر تفتیش کریں گی، آئی جی سندھ کے احکامات پر خصوصی ٹیم بنائی گئی ۔تفتیشی ٹیم تمام شواہد کی روشنی میں رپورٹ مرتب کرے گی، دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی۔
تفتیشی حکام نے کہا کہ مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں، دھماکے میں ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ، تین گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔