اسلام آباد(صباح نیوز)جنوبی ایشیا میں اعلی تعلیم پر ایچ ای سی اور ورلڈ بینک کی تین روزہ کانفرنس کا آغازہوگیا،کانفرنس میں جنوبی ایشیا کے نوجوانوں کو 21ویں صدی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا ئیگا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے اعلی تعلیم (PSARCHE) کی تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا منگل کے روز اسلام آباد میں آغاز ہوگیا۔ کانفرنس میں جنوبی ایشیا کے ممالک جیسے نیپال، مالدیپ، بھوٹان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کے نمائندے شریک ہیں، جس کا انعقاد ایچ ای سی نے اپنے ورلڈ بینک فنڈڈ پروجیکٹ “پاکستان میں اعلی تعلیم کی ترقی” (HEDP) کے تحت کیا گیاہے۔
کانفرنس اعلی تعلیم کے رہنماں، ماہرین، اور پالیسی سازوں کو ایک جگہ اکٹھا کرتی ہے تاکہ جنوبی ایشیا کے نوجوانوں کو 21ویں صدی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے، خصوصا لیبر مارکیٹ کے رجحانات، ڈیجیٹل دنیا، او ڈی ایل اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہونے والی تبدیلیوں، اور تحقیق، جدت اور تجارتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے۔کانفرنس کا مقصد ایک تعاون کا ماحول تخلیق کرنا ہے جس سے سرحد پار تعاون کو فروغ ملے، علاقائی نیٹ ورک مضبوط ہوں اور جنوبی ایشیا میں اعلی تعلیم میں پائیدار بہتری کے لیے بنیاد رکھی جا سکے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے وفاقی تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایچ ای سی کو کانفرنس کے انعقاد پر سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ شرکا کے لیے علم اور بہترین مہارتوں کے اشتراک اور شراکت داری کی بنیاد فراہم کرے گا تاکہ خطے میں اعلی تعلیم کی ترقی کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ایک سنگ میل ہے اور آئندہ مزید کانفرنسز کے انعقاد کے لیے راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے مابین تعاون صرف ایک موقع نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے۔ “آپ کی موجودگی اور اس بات چیت میں آپ کی شراکت داری ان مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، اور ہم اس تبدیلی کے سفر میں آپ کے تعاون کے منتظر ہیں۔
“اپنے افتتاحی کلمات میں ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے بین الاقوامی مندوبین کو کانفرنس میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دو ارب سے زائد افراد بستے ہیں اور انہیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ یہاں سوچنے والے رہنما، پالیسی ساز اور معلمین ایک ساتھ آ کر اپنے علم اور تجربات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔”ہم ایچ ای سی پاکستان میں جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ایک ہمہ گیر اور شمولیتی اعلی تعلیم کا نظام قائم کیا جا سکے۔ یہ کانفرنس ہمارے خطے میں اعلی تعلیم کی مکمل صلاحیتوں کے اظہار کے لیے راہ ہموار کرے گی۔”ورلڈ بینک کے پریکٹس مینیجر برائے تعلیم جنوبی ایشیا، ڈاکٹر کیکو انوئے نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے ممالک کے مابین اعلی تعلیم میں تعاون کو فروغ دینا خطے کے تمام ممالک کی مستقبل کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔”تحقیق اور کمرشلائزیشن کے عمل کو مضبوط بنانا مختلف صنعتوں اور خدمات میں جدت پیدا کر سکتا ہے جو جنوبی ایشیا کے ممالک میں مثبت ترقی کو فروغ دے گا۔
جیسا کہ چیئرمین ایچ ای سی نے مشترکہ چیلنجز کی نوعیت کی بات کی، اب ایک ملک میں مسئلے کا حل کافی نہیں ہوگا۔ ہمیں اپنے اپنے ممالک سے آغاز کرنا ہوگا لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کا دائرہ پورے خطے تک بڑھانا ہوگا تاکہ ہم اپنے مسائل سے نمٹنے میں کامیاب ہو سکیں۔”ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا الحق قیوم نے کہا کہ اعلی تعلیم صرف مقامی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر اہمیت رکھتا ہے۔ “ہم کلاس رومز میں تعلیم کی بات نہیں کر رہے بلکہ پورے خطے میں وہ تعلیم جو ٹیکنالوجی کی بدولت ممکن ہو چکی ہے۔ لیکن ہمیں اس تعاون کو ممکن بنانے کے لیے خود کو جدید ٹولز سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔”افتتاحی تقریب میں ورلڈ بینک کی لیڈ ایجوکیشن اسپیشلسٹ مسز نینا ارنہولڈ نے جنوبی ایشیا میں اعلی تعلیم کے علاقائی تعاون کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا، جبکہ یورپین یونیورسٹی ایسوسی ایشن کی سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر اینڈری سورسک نے مشرقی ایشیا اور یورپ میں معیار کی یقین دہانی اور اسناد پر ایک سیشن پیش کیا۔PSARCHE نے دو مشاورتی سیشنز بھی منعقد کیے۔
پہلا مشاورتی سیشن “معاشی ترقی کے لیے اعلی تعلیم” کے عنوان سے تھا جس کی صدارت ورلڈ بینک کے سینئر ایجوکیشن اسپیشلسٹ ڈاکٹر موہن آریال نے کی، جس میں بھوٹان، پاکستان، مالدیپ، نیپال اور بنگلہ دیش کے اسپیکرز نے شرکت کی۔ دوسرا مشاورتی سیشن “جنوبی ایشیا میں 21ویں صدی کی لیبر مارکیٹ کے مطابق اعلی تعلیم کو فروغ دینا” کے عنوان سے تھا جس کی صدارت ڈاکٹر ضیا الحق قیوم نے کی۔کانفرنس کے پہلے دن کا اختتام غیر ملکی مندوبین کے اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ہوا۔یہ کانفرنس مزید دو دن جاری رہے گی، جس میں مختلف نقطہ نظر اور مہارت کو اکٹھا کیا جائے گا اور اہم مباحثے، کلیدی تقریریں، پریزنٹیشنز اور پاکستان کی ان اعلی کارکردگی کی حامل یونیورسٹیوں کے دورے کیے جائیں گے جو پاکستان میں دستیاب جدید ایڈ ٹیک سہولیات پیش کر رہی ہیں۔