کراچی دھماکہ قابل مذمت، واقعہ میں ملوث عناصر ملک کے کھلے دشمن ہیں، شہبازشریف


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ رات ہونے والے المناک واقعے پر گہرا صدمہ اور دکھ ہوا، واقعہ کے مرتکب پاکستان کے کھلے دشمن ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 قیمتی چینی جانیں ضائع ہوئیں اور ایک زخمی ہوا، اس گھنائونے فعل کی شدید مذمت کرتا ہوں، چینی قیادت اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اندوہناک واقعہ کے مرتکب پاکستانی نہیں بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، ان کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔وزیراعظم نے کہا  کہ پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے، ہم ان کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔