بھارت محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا دے کر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتا،شیخ عبدالمتین


اسلام آباد(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت پسند لیڈر محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے ایک جھوٹے مقدمہ میں عمر قید کی سزاء کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عدالت کا یہ فیصلہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے  اور  بھارت محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا دے کر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتا،

حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین نے بھارتی عدالت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا دینے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، انہو ں نے کہاکہ محمد یاسین ملک کو من گھڑت الزامات پر سزا دی گئی،

انہوں نے کہاکہ محمد یاسین ملک کو عمر قید کے غیر منصفانہ فیصلے سے کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور بھارت فوجی طاقت یا دیگر حربے استعمال کرکے ان کی اس جدوجہد کو دبا نہیں سکتا ،

محمد یاسین کوئی دہشت گرد نہیں ہے وہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے لئے پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں بھارت اس طر ح کے فیصلوں سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں کرسکتا ہے ، کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارتی عدالتیں اپنے من پسند فیصلوں سے کشمیری قیادت کا ماورائے عدالت قتل کرنا چاہی ہے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔