حقوق کراچی کارواں کے لیے کارکنان عوام سے رابطہ کریں،انہیں منظم و متحرک کریں ،حافظ نعیم الرحمن


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے تحت ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز حقوق کے حصول اور شہر کے گھمبیر مسائل کے حل کے لیے حقوق کراچی تحریک کے سلسلے میں اتوار 29مئی کو مزار قائد سے شروع ہونے والے ”حقوق کراچی کارواں” کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ،شہر بھر میں بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم جاری ہے

اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بھی اضلاع کے دورے ، معززین علاقہ اور عام شہریوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں وہ ضلع کیماڑی اور ضلع ائیر پورٹ کا دورہ کر چکے ہیں ، حقوق کراچی کارواں کے حوالے سے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام کے اندر زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ، عوام کی جانب سے حقوق کراچی تحریک کے مطالبات اور حقوق کراچی کارواں کو غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے اور حافظ نعیم الرحمن کا بھر پور خیر مقدم کیا جا رہا ہے ، جماعت اسلامی متعدد اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنے نامزد امیدواران برائے یوسی چیئر مین و وائس چیئر مین کا اعلان کر چکی ہے ، نامزد امیدواران بھی عوامی رابطہ مہم میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں

حافظ نعیم الرحمن نے 29مئی کے حقوق کراچی کاروں کے حوالے سے کارکنوں اور ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ہدایات دی ہیں کہ گھر گھر ، مساجد میں ، اہم پبلک مقامات ، بازاروں میں جا کر ہر فرد سے رابطہ کریں اور عوام کو منظم و متحرک کریں ۔ کراچی سے ووٹ لینے والوں اور تمام حکمران پارٹیوں نے عوام کو نہ صرف مایوس کیا ہے بلکہ دھوکہ دیا ہے ، اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا ۔

جماعت اسلامی ہی اہل کراچی کے لیے واحد متبادل ہے اور عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے ،موثر عوامی دبائو اور تحریک کے نتیجے میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی اپنا حق لے کر رہیں گے ۔ علاوہ ازیں کراچی کارواں کے حوالے سے ادارہ نور حق میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کارواں کی تشہیری تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا اہم فیصلے اور اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایات دی گئیں ۔تشہیری مہم کو حتمی شکل دیتے ہوئے  اجلاس میں طے کیا گیا کہ  کارواں کی پبلیسٹی کے لیے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر بینرز اور بل بورڈز آویزاں کیے جائیں ، ہزاروں ہینڈ بلز تقسیم کیے جائیں گے ، اہم پبلک مقامات ، بڑی شاہرائوں اور چورنگیوں پر رابطہ کیمپ لگائے جائیں گے ، موبائل پبلیسٹی بھی کی جائے گی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ شرکت کی  دعوت دیتے ہوئے شہر بھر میں عوام کی غیر معمولی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کیے جائیں گے ۔ حقوق کراچی کارواں اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے مثالی اور تاریخی سرگرمی ثابت ہو گی۔