پر امن احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق، حکومت ہوش کے ناخن لے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ دشمن قوتیںپاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں اور ان کا یہ کام چند شر پسند عناصر بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔ پر امن احتجاج کرنا ہر پارٹی کا آئینی و قانونی حق ہے، اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا اور گرفتاریاں کرنا قابل مذمت ہے۔حکومت ہوش کے ناخن لے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رورمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کا یکطرفہ ٹرائل در حقیقت جوڈیشنل قتل کا منصوبہ ہے۔ مقدمے میں  یاسین ملک کو اپنے وکیل تک رسائی نہ دینے، اس کی واضح مثال ہے۔ یاسین ملک کا یکطرفہ ٹرائل کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اس کا نوٹس لیں اور بھارت کو انسانیت سو ز مظالم اور بربریت سے روکیں۔ یاسین ملک 30برسوں سے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں اپنا مثبت کردار اد اکررہے ہیں۔ بھارت کی جیلوں میں قید کشمیریوں کے ساتھ جانوروں سے بد تر سلوک کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جرم ثابت کیے بغیر ملزم کی طویل حراست ، ہراسگی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی دنیا کو بھارت کی جارحیت کے خلاف اقدامات کرنا ہوںگے، ورنہ دنیا کا امن محفوظ نہیں رہ سکتا۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اپنے دہرے معیار بدلے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اتحادی حکومت اندرونی اور بیرونی محاذ وں پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ۔ یوںمحسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کو محض بیوروکریسی میں ردوبدل کے سوا کوئی کام نہیں۔