الخدمت فاؤنڈیشن  نے سیلاب متاثرین کے لئے10 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کردیا


لاہور(صباح نیوز) فغانستان کے صوبے بغلان،بدخشان اور تخار میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں وسیع پیمانے پرتباہی  کے پیش نظرالخدمت فاؤنڈیشن نے پاک افغان تعاون فورم کے تحت 10ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان طور خم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کردیا۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان خالدوقاص، حاجی حسن خان شنواری،مقامی چیئرمین حاجی عبدالروف شنواری، صوبائی میڈیا منیجرنورالواحدجدون،رئیس روابط بین الملی امارت اسلامی افغانستان مولوی شمس الدین حقیار،رئیس ریاست آمادگی مبارزہ با حوادث ولایت ننگرہارمولوی سیف اللہ خالد اور مدیر عمومی برائے امداد جان اقا حیدری، بارڈر انتظامیہ اور پاک افغان کوآپریشن فورم کے منتظمین نے شرکت کی۔

اس موقع پر خالد وقاص نے بتایا کہ اب تک الخدمت فاؤنڈیشن افغان بہن بھائیوںکے لئے 167ٹرکوں پر مشتمل 1411ٹن وزنی امدادی سامان افغان حکام کے حوا لے کر چکی ہیں جس کی مالیت تقریبا 32کروڑروپے بنتی ہے۔ہمارا عزم ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں افغان سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھی جائے گی۔ امدادی سامان حوالگی کے موقع پرامارت اسلامی افغانستان کے اعلی حکام نے افغان عوا م کی مدد پرپاکستانی عوام،الخدمت فاؤنڈیشن اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔