پرامن احتجاج ہمارے شہریوں کا حق ہے،عمران خان


پشاور(صباح نیوز) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا  ہے کہ پرامن احتجاج ہمارے شہریوں کا حق ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ چھاپوں سے ن لیگ کا چہرہ پھر عیاں ہوگیا،پنجاب، اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں کیخلاف ظالمانہ چھاپوں نے ایک مرتبہ پھرہمیں وہی کچھ دکھایا ہے جس سے ہم واقف ہیں کہ جب بھی اقتدار ہاتھ لگتا ہے، (ن) لیگ فسطائیت پراترتی ہے۔ یہ کریک ڈاؤن کٹھ پتلیوں کی ڈوریاں تھامنے والوں پربھی سنجیدہ سوالات اٹھارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت پہلے ہی تباہی کے گڑھے میں اتر چکی ہے۔ ڈاکوؤں اور ان کے آقاؤں کو میں خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ یہ غیر جمہوری اور سفاکانہ اقدامات معاشی صورتحال میں مزید ابتری کے موجب بنیں گے اور ملک کو طوائف الملوکی کی جانب دھکیلیں گے۔ہماری حکومت کیخلاف پیپلزپارٹی، مسلم لیگ نواز اور جمعیت علمائے اسلام کے جلوسوں کو روکا گیا نہ ہی ہم نے انکے کارکنان کیخلاف کسی قسم کی چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ ڈیموکریٹس اور کلپٹوکریٹس میں یہی تو فرق ہوتا ہے۔