حکومت کا پی ٹی آئی لانگ مارچ سے نمٹنے کیلیے منصوبہ تیار،دیگر صوبوں سے بھی نفری طلب


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد آنے والے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکومت نے منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ جس کے لیے دیگر صوبوں سے بھی نفری طلب کرلی گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے آزادی لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے 22 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اتنی بڑی تعداد کو پورا کرنے کیلیے حکومت نے دیگر صوبوں سے بھی نفری طلب کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے 2 ہزار سے زائد فرنٹیئر کانسٹیبلری اہلکار طلب کیے ہیں اس کے علاوہ 8 ہزار پنجاب کانسٹیبلری، 2 ہزار اینٹی رائٹ اہلکار، سندھ سے 2 ہزارپولیس اہلکارطلب کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ دھرنے کے شرکا سے نمٹنے کیلیے 4 ہزار رینجرز اہلکاروں سمیت 500 خواتین اہلکاروں کو بھی طلب کیا گیا ہے جب کہ مختلف صوبوں سے 100 قیدی وینز بھی منگوائی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق تمام صوبوں کی نفری مکمل کمانڈ سسٹم سمیت طلب کی گئی ہے اور نفری کے ساتھ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے 15 ہزار شیل بھی منگوائے گئے ہیں،

اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس حکام کی مشاورت سے تجاویز وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہیں،خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے