ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے چیئرمین نادرا کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم دورانی سے چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) طارق ملک نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا میاں نثار گل بھی موجود تھے ۔ملاقات میں نادرا کی کارکردگی ، جنوبی اضلاع میں عوام کو شناختی کارڈوں کی اجرا اور ریجسٹریشن کے سلسلے میں درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم دورانی  نے نادرا کی کارکردگی کو سراہتے ہوے کہا کہ نادرا ایک اہم قومی ادارہ ہے اور شناختی کارڈوں کی اجرا اور ریجسٹریشن کے سلسلے میں عوام کو بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں شناختی کارڈوں کی اجرا اور ریجسٹریشن کے حوالے سے درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوے بنوں میں نظام بازار اور تحصیل میلان میں نئے نادرا سینٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ضلع کرک کی یونین کونسل صابر آباد میں عوام کو شناختی کارڈوں کی اجرا اور ریجسٹریشن کے سلسلے میں  مسائل کو حل  کرنے کیلئے صابر آباد میں بھی نادرا سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کی ۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے نادرا کی کارکردگی کو سراہنے پر ڈپٹی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ڈپٹی اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔چیئرمین نادرا نے ڈپٹی اسپیکر کو نادرا کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں عوام کو شناختی کارڈوں کی حصول اور ریجسٹریشن میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔