عنایت اللہ،رائے ممتاز و دیگر کیخلاف ن لیگی ایم پی اے اشرف رسول نے مقدمہ درج کروایا


لاہور(صباح نیوز)سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکریٹری کوآرڈنیشن عنایت اللہ لک اور ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کے خلاف ن لیگ کے ایم پی اے کی طرف سے مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔

مقدمہ گزشتہ روز تھانہ شاہدرہ میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اشرف رسول کی جانب سے درج کروایا گیا۔مدعی مقدمہ ایم پی اے اشرف رسول کا درج ایف آئی آر میں کہنا ہے کہ گزشتہ روز صبح 10بجے 5 نامعلوم افراد گاڑی پر میرے گھر آئے۔

مدعی کے مطابق عنایت اللہ، رائے ممتاز پستول سے مسلح تھے، وہ 2 نامعلوم افراد کے ساتھ میرے گھر میں داخل ہوئے، محمد خان، عنایت اللہ اور رائے ممتاز نے مجھ پر پستول تان لئے۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ محمد خان نے کہا کہ آپ میرا پیچھا چھوڑ دیں،آپ میری مخالفت سے باز نہ آئے تو جان سے مار دوں گا۔محمد خان کے دیگر 4ساتھیوں نے بھی مجھے سنگین نتائج کی دھمکی دی اور واپس چلے گئے۔انہوں نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد محمد خان بھٹی نے من پسند لوگوں کی بھرتیاں کیں جس پر پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کر رکھی ہے۔

واضح رہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو آج صبح اسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا، جبکہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔