ڈی آئی خان کے علاقے مغل کوٹ کے جنگلات میں 9 مئی کی رات لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)ڈی آئی خان کے علاقے مغل کوٹ کے جنگلات میں 9 مئی کی رات لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا جس کے باعث آگ بلوچستان کے سرحدی علاقے منڑہ اور سرلکئی تک پہنچ گئی۔

محکمہ جنگلات کے مطابق آگ پھیل کر بلوچستان کے سرحدی علاقوں تک پہنچ چکی ہے جس کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث درزندہ اڈے پر مقامی شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق آگ آسمانی بجلی گرنے یا مقامی طور پر آباد خانہ بدوشوں کی غفلت سے لگی ہے ، خشک موسم کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ آگ سے چلغوزے اور زیتون کے درختوں سمیت جنگلی حیات کو نقصان پہنچا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر گلفام شاہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں سے آبادی کونکال لیا گیا ہے ۔