کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کا مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر سیمینار


اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنے دفتر پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور و خوض کیا گیا۔

سیمینار کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی۔سیمینار میں حریت کانفرنس کے تمام گروپوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصو ل کی جدوجہد کوموثر اور منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے پلیٹ فارم کو مزید مضبوط و فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

محمد فاروق رحمانی نے اس موقع پر کہا کہ تحریک آزادی کے خلاف بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کے لیے حریت کانفرنس کا اتحاد ناگزیر ہے۔