کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سودی بنکاری وسودی معیشت اورآئی ایم ایف سے نجات حاصل کئے بغیرملک ترقی نہیں کرسکتا۔نئی اتحادی حکومت کے ایک ماہ کے دوران امریکی ڈالرکی اونچی اڑان 15 روپے تک اضافہ اورروپے کی بے قدری تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے۔ بیرونی ایجنڈے کی بجائے امریکی ڈالر کی اڑان کورکنے، قومی مفاد اور روپے کے استحکام کے لیے فوری و موئثراقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ ڈالرکاعروج اورروپے کے زوال کے اثرات پوری معیشت پرمنفی اثرات پڑرہے ہیں۔پٹرول گیس بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پہلے ہی ملک میں غربت وافلاس اورسبزی گوشت پھلوں سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔حکمرانوں اورمحب وطن قیادت نے سرجوڑکرسنجیدہ اقدامات کے ذریعے روپے کازوال اورڈالرکی اڑان کو نہ روکا تومہنگائی کا نیا طوفان اورملک کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔قرضوں اورسودکی معیشت نے ملک کوتباہی کے دہانے پرلاکرکھڑاکردیا ہے۔موجودہ صورتحال میں ملک کا زیادہ پیسہ سود کی ادائیگی میں جائے گا اور ترقی صحت اور عوام پر لگانے کے لیے کچھ نہیں بچے گا۔حکومت مزید قرضے کی طرف جائے گے اور ملک مزیدقرض کی دلدل میں مزید پھنستاجائے گا۔