کشمیریوں کا انسانی ڈھال کے طور پر استعمال، جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، محبوبہ مفتی


سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

منگل کے روز ایک ٹویٹ میں  سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے سری نگر میں ایک شہری کو انسانی  ڈال بنانے  اور اس کے مارے جانے کی  جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا  ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا دعوی ہے کہ(  محمد الطاف بھٹ )مارے گئے چار میں سے دو عسکریت پسندوں کی مدد کر رہے تھے۔ اس کے برعکس ان کے( محمد الطاف بھٹ  ) اہل خانہ اس الزام کو مسترد کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہیں قتل کیا گیا ہے  ۔

محبوبہ  مفتی نے   لکھا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے معصوم شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا، انہیں کراس فائرنگ میں مارنا اور پھر آسانی سے انہیں عسکریت پسند قرار دینا بھارتی حکومت کی رول بک کا حصہ  ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی سامنے لانے کے لیے جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔