مظفر آباد(صباح نیوز)متحدہ جہاد کونسل کے رہنماء اور جموں وکشمیر اسلامک فرنٹ کے سربراہ بلا ل احمد بیگ نے مقبوضہ کشمیراور بھارت کے اندر مودی سرکار کی مسلمانوں کے خلاف جاری ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسند ہندو وزیراعظم مودی کے اقدامات سے بھارت جلد سابق سویت یونین کی طرح ٹکڑوں میں بٹ جائے گا،
اپنے بیان میں انہو ں نے کہاکہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشد د کا بازار گرم کررکھا ہے ، کشمیری مجاہدین کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کے بعد اب مودی سرکار نے کشمیر میں اسرائیل کے طرز پر ظالمانہ کارروائیوں اورہتھکنڈوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ،
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو اپنی حریت پسند قیادت سے محروم رکھنے کے لئے بھی حربے استعمال کئے جارہے ہیں اور اس کے لئے کٹھ پتلی عدالتوں کا سہارا لیا جارہا ہے ، بلال بیگ نے بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو بھارت کی ایک اور کٹھ پتلی عدالت تحریک آزادی کشمیر کے ایک اور قائد محمد یاسین ملک کے خلاف جعلی مقدمے میں سزا سنانے جارہی ہے اور یہ یکے بعد دیگرے مودی سامراج کی جانب سے تحریکی قیادت کو راستے سے ہٹانے کی مذموم کوشوں کا حصہ ہے
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام ا س پر عالمی مردہ ضمیر کو جگانے کے لئے اپنی آواز بلند کریں گے ، اور وہ اس موقع پر خاموش نہیں رہیں گے بلکہ بھرپور احتجاج کریں گے، بھارتی ظالمانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردرا نہیں کراسکتے ان کے حوصلے بلند ہیں ،
انہوں نے کہا کہ ایک طرف مودی کی فاشسٹ حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری مسلمانوں کا قتل عام شروع کررکھا ہے دوسری طر ف بھارت کے اندر بھی ہندو انتہاپسندو دہشت گردوں کی کارروائیوں سے مسلمانوں کاجینا مشکل بنادیا ہے اور ان کی مذہبی اور دیگر بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ، انتہا پسند ہندوں کی دہشت گردی سے بھارت میں اب مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں عالمی برادری مودی کی نگرانی میں ان انتہا پسند کارروائیوں پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے اقدامات خود بھارت کے وجود کے لئے خطرہ ہیںاور وہ وقت اب زیادہ دور نہیں ہے جب بھارت سابق سویت یونین کی طرح ٹکڑوں میں تقسیم ہوگا۔