مولانا فضل الرحمان کامتحدہ عرب امارت کے سفارتخانہ کا دورہ ، صدر شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی


اسلام آباد (صباح نیوز)جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارت کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ۔

مولانا فضل الرحمان نے مرحوم کو پاکستان کا عظیم دوست قرار دیا ۔جے یو آئی (ف)کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے ۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یواے ای کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں ۔

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مفتی ابرار احمد بھی موجود تھے ۔جبکہ جے یو آئی (ف)کے ترجمان اسلم غوری کی جانب سے جاری ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ جے یو آئی نے ملک بھر میں تقدس مسجد نبوی ۖ اور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے یو آئی کے زیر اہتمام کل (جمعرات)کو کراچی میں مزار قائد اور 21 مئی کو  پشاور میں بڑے اجتماعات  ہونگے ۔ کراچی انتظامیہ نے جے یو آئی(ف) کو مزار قائد پر تقدس حرم نبوی ۖ جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہا کہ کل (جمعرات)کوکراچی میں مزار قائد پر تاریخی جلسہ ہوگا ۔21 مئی بروز ہفتہ پشاور میں بہت بڑا جلسہ  ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ مسجد نبویۖ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کا ہر محاذ پر تعاقب کریں گے ۔کارکن تیار ہو چکے ہیں نیازی کے جھوٹے بیانیے کو دفن کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ایک نااہل حکومت کو اقتدار سے علیحدہ کرنے میں جے یو آئی (ف)کی قیادت اور کارکنوں کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا ۔