وفاقی شرعی عدالت کا سود کے خلاف فیصلہ تاریخی ہے حکومت اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کرے۔ سر اج الحق


مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سر اج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کا سود کے خلاف فیصلہ تاریخی ہے حکومت اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کرے۔ اگر اس فیصلے پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی ملک گیر تحریک چلائے گی،پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیادپر حاص کیاگیا یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام نافذ کیا جائے، 75سال سے کشمیری اسلام اور پاکستان کے لیے قربانیاں پیش کررہے ہیں 22کروڑ عوام صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ پاکستان کے حکمرانوں کی غفلت اور نا اہلی کی وجہ سے آزادی کشمیر کی منزل دور ہو گئی۔ جس نے بھی شہدائے کشمیر کے خون سے غداری کی وہ عبرت کا نشان بنا ۔حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔کشمیرکی آزادی ہم پر قرض اور فرض ہے ،

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام کل پاکستان لیڈر شپ کیمپ میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان سمیت دیگر نے بھی گفتگو کی ،

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سودی معیشت کی وجہ سے ملک تباہی کی دلدل میں دھنسا جارہا ہے جماعت اسلامی نے سود کے خلاف 32سال طویل جنگ لڑی اور اس میں سرخرو ٹھہری۔ ہم نے خیبر پختوانخواہ میں سود سے پاک معیشت شروع کی تو 24ہزار سرمایہ کاروں نے بلاسود کاروبار کیا۔ پاکستان میں سود کی وجہ سے بجٹ کا بڑا حصہ سودی قرضے میں چلاجاتا ہے۔ 75سال گزر گئے لیکن اسلامی نظام ایک دن کے لیے بھی نافذ نہ کیا جاسکا۔

انہوں نے کاکہ پی ڈی ایم کا ساتھ اس لیے نہیں دیا کہ ان کا ہدف اسلامی نظام کا نفاذ نہیں تھا پی ٹی آئی نے اسلام کے لیے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا کشمیر کے حوالے سے صرف بیانات تک محدو د رہے۔ مسئلہ کشمیر پر ہمارے حکمرانوں نے ہمیشہ بے وفائی کی۔ سید علی شاہ گیلانی روزہ اور عید پاکستان کے ساتھ کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کیا تو ملک گیر تحریک چلائیں گے، جب تک سودی نظام چلے گا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، سودی نظام اللہ کے خلاف جنگ ہے اور اللہ کے ساتھ جنگ کرے ہماری اس حکومت کے خلاف جنگ ہو گی ،

انہوں نے کہاکہ چند خاندانوں نے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے پاکستان میں فرقہ پرستی قادیانیوں اور ان کے ہم خیالوں کی سازش ہے فتنہ قادنیت اب بھی موجود ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائمقام امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان کا معاشی اور سیاسی استحکام کشمیرکی آزادی سے وابستہ ہے جن کو کشمیر کے لیے لڑنا تھا وہ حقیقی کردار ادا نہیں کررہے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا ہے یاسین ملک سمیت قائدین حریت کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں مستند دہشت گرد نریندرمودی اور اس کی فاشسٹ حکومت مقبوضہ کشمیرمیں ظلم کے پہاڑ توڑرہی ہے اشرف صحرائی اور سید علی گیلانی زیر حراست زندگی کی بازی ہار گئے مودی ٹارگٹ کر کے کشمیری قیادت کو نشانہ بنارہا ہے گزشتہ سوا تین سال سے سوا کروڑ کشمیری یرغمال ہیں ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں کسی بھی وقت بڑے قتل عام کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کا صفایا کیا جاسکتا ہے عالمی برادری اور حکومت پاکستان کسی بڑے انسانی المیہ رونما ہونے سے قبل اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں۔