حکومت شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنی ذمہ داری پورے کرے،محمد حسین محنتی


کراچی ( صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے بولٹن مارکیٹ کھارادر دھماکے میں خاتون کی ہلاکت سمیت قیمتی املاک کے نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ حکومت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اورجرائم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمے داری پوری کرے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ ملک کے سب سے بڑے اورصنعتی حب شہرکراچی میں ایک ماہ کے دوران کراچی یونیورسٹی،صدراور اب بولٹن مارکیٹ میںیہ تیسرا بم دھماکہ صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروںکی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ کراچی کے شہری سٹریٹ کرائم،لوٹ مار کے بعد اب خطرناک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہیں لیکن حکمران اپنے مفادات کی نگہبانی اور اقتدار کو مزید طول دینے کیلئے گٹھ جوڑ میں مصروف ہیں۔ کراچی تا کشمور صوبہ سندھ اس وقت بدامنی کی لپیٹ میں ہے ۔صوبائی دارالخلافہ کراچی میں تسلسل کے ساتھ ایک ماہ میں تیسرا بم دہماکہ حکومتی ناکامی ہے،ایسا لگتا ہے کہ ملک کا معاشی حب کراچی دشمن قوتوں کے نشانے پر ہے ۔سندھ میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد ایسا لگتا ہے جیسے سندھ میں قانون نام کی کسی چیز کا نام ونشان نہیں ہے، ہر واقعہ کے بعد وفاقی اور صوبائی حکمراں بیان بازی کے علاوہ کچھ نہیں کررہی ہیں۔ بلوچستان،فاٹا کے بعد سندھ خصوصاً کراچی شہر دہشتگردوں کے نشانے پر ہے ، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے دعویدار ایجنسیوں کو چاہئے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے موثراقدامات کریں، شہر کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جہاں امن امان برباد کرکے ملک دشمن قوتیں پاکستان کی پہلے سے ابتر معاشی صورتحال کو مزید خراب کرنا چاہتے ہیں، ایک ماہ کے اندر تیسرا بم دھماکہ شہر میں موجود بھاری تعداد میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے،

صوبائی امیر نے سندھ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ بولٹن  مارکیٹ بم دھماکے کی شفاف تحقیقات، ملوث دہشتگردوں اور ان کے اصل سرپرستوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جاں بحق افراد کے ورثاء کو مناسب معاوضہ اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔دیریں اثناء

جماعت اسلامی کے رہنما ؤں کا قاضی برادارن سے والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت

 سندھی روزنامہ کاوش گروپ کے بانی اورسابق صوبائی وزیر قاضی محمد اکبر کی بیوہ اورقاضی برادران محمد اسلم قاضی،محمد ایوب قاضی اورمحمد علی قاضی کی والدہ ماجدہ کی وفات پرامیرجماعت اسلامی سراج الحق،اسداللہ بھٹو،محمد حسین محنتی اورمجاہد چنا نے دلی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔