چیف جسٹس عمر عطابندیال کا اٹارنی جنرل کو سوشل میڈیا نہ دیکھنے کا مشورہ


اسلام آباد (صباح نیوز ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال نے اٹارنی جنرل اشتراوصاف کو شوشل میڈیانہ دیکھنے کا مشورہ دے دیا،

سپریم کورٹ  میں پانچ رکنی لارجر بینچ کے سامنے آئین کے آرٹیکل 63اے کی تشریح سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے عدالت میں پیش ہو کرسوشل میڈیا کی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز میرے خلاف سوچی سمجھی مہم چلائی گئی، پنجاب کے معاملات میں الجھے ہوئے تھے پھر بھی کل ساڑھے چار بجے اسلام آباد پہنچا،وہ لوگ قانون کی باتیں کر رہے ہیں جن کو کچھ معلوم ہی نہیں،میں الیکٹرانک یا پرنٹ میڈیا کی بات نہیں کر رہا سوشل میڈیا کی بات کر رہا ہوں،

سوشل میڈیا پر بیٹھ کر بمبارٹمنٹ کی گئی، اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ایک سیاسی جماعت نے 15 ہزار لوگ سوشل میڈیا کیلئے بھرتی کیے ہوئے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ اٹارنی جنرل صاحب سوشل میڈیا مت دیکھیں،

اٹارنی جنرل نے کہاکہ سوشل میڈیا مہم سے ہمارے بچے متاثر ہورہے ہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ کیا آپ اپنے بچوں کو منع نہیں کرتے کہ سوشل میڈیا نہ دیکھیں،ہمارے بچے تو ہمیں منع کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا نہ دیکھیں،اٹارنی جنرل صاحب سنجیدہ چیزیں پڑھا کریں۔