کراچی (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ سے یورپین یونین کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں تھومس ڈائلر، ڈلارڈ ٹیلانے اور پولیٹیکل آفیسر سمیت دیگر موجود تھے۔
ترجمان وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ملاقات میں تجارتی فروغ اور جی ایس پی پلس سے متعلق گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں یورپین یونین کے وفد نے بریفنگ دی کہ ٹیلنٹ پارٹنرشپ پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں جس کے تحت گروپ ممالک میں تارکین وطن کی آمد رک سکے گی، ہنرمند نوجوانوں کو گروپ ممالک میں روزگار کے لیے بھیجا جائے گا۔
وفد کی جانب سے بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس گروپ میں ایشیا، افریقا کے کچھ ممالک اور فرانس شامل ہو گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ فش ہاربر اتھارٹی کو ہم اپ گریڈ کررہے ہیں، اس قسم کے منصوبوں کیلئے بہترین سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کیلئے بہت اہم ہے، جس سے پاکستان کی تجارت کو بہت فائدہ ہوگا، سندھ حکومت چائلڈ لیبر کے خلاف اہم قانون سازی اور اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کیلئے پروڈکشن سسٹم بہتر کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، جی ایس پی پلس کیلئے پاکستان کو اپنی مصنوعات کے معیار بہترین کرنا ہوگا۔