سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے اسلام آباد میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) قائد حزب اختلاف سینیٹ اور تحریک انصاف کے سفارتی امور کے سربراہ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سے اسلام آباد میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے سے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ انسانی حقوق کی پاسداری کے حوالے سے جرمنی کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے سفارتی امور کے سربراہ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے دور حکومت میں ملک کے بہترین مفاد میں آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہی جسے بھر پور عوامی تائید اور پذیرائی حاصل رہی۔ تحریک انصاف اقوام عالم کے ساتھ امن ، خود مختاری اور برابری کی بنیاد پر بہترین تعلقات پر یقین رکھتی ہے۔

سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے مزیدکہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جرمنی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔قائد حزب اختلاف سینیٹ نے کہا کہ جرمنی یورپی یونین کی ایک مضبوط معیشت ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں جرمنی  کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی گئی۔

جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی ،پاکستان کے ساتھ بہترین دوطرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔جرمن سفیر نے پارلیمانی اور تجارتی وفود کے تبادلوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔