ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے سینکڑوں درخت کٹوا دئیے گئے: سینیٹر عرفان صدیقی


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ ریڈیو پاکستان راولپنڈی کی حدود میں واقع سینکڑوں قیمتی درخت اونے پونے داموں میں فروخت کر دیئے گئے ہیں۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیرمین فیصل جاوید کے نام خط میں عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے جسے کمیٹی میں زیر بحث لانے کے لئے اگلے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جانا چاہئے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے خط میں کہا کہ ان کے رابطے پر ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ مالی بحران کی وجہ سے درخت نیلام کر دیئے گئے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اس جرم کے ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی کا ڈھنڈورہ پیٹنے والی سابقہ حکومت کے اس ماحول دشمن مجرمانہ اقدام کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔