وزیراعظم کی عمران خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے وزیر اعظم کو عمران خان کی سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو عمران خان کو بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عمران خان کو فوری طور پر چیف سکیورٹی آفیسر فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ  صوبائی حکومتیں عمران خان کو جلسوں کے دوران سکیورٹی فراہم کریں۔

دریں اثناء وزارت داخلہ کے احکامات کی روشنی میں سابق وزیراعظم عمران خان کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے آج جاری بیان کے مطابق پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کوسابق وزیراعظم کیلئے مقررسکیورٹی فورسز کی تعیناتی پرمکمل عملدرآمد کیلئے کہا گیاہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم کے پاس اگرکوئی Specific اطلاع ہے تو وہ اسے وزارت داخلہ سے ضرورشئیر کریں تاکہ سکیورٹی کے مزیدانتظامات کئے جاسکیں۔

گذشتہ چند روز سے سابق وزیراعظم عمران خان عوامی اجتماعات میں اپنی جان کوممکنہ خطرات سے متعلق خدشات کااظہار کررہے ہیں۔بطور سابق وزیراعظم ان کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ جان کو لاحق ممکنہ خطرات، سازش اور دیگر معاملات سے وزارت داخلہ اورمتعلقہ اداروں کوآگاہ کریں۔و