عمران خان کے قریبی ساتھی نوید انجام خان کی اکبر ایس بابر سے ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی راہنما اکبر ایس بابر سے پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما اورسپورٹس ایند کلچر ونگ کے جنرل سیکریٹری نوید انجم خان نے ملاقات کی اور اکبر ایس بابر کی پارٹی کے آئین، منشور اور نظریہ کے لئے جدوجہد کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر عامر حسین  بھی موجود تھے۔

اکبر ایس بابر نے نوید انجم خان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے نظریاتی راہنما ں اور کارکنان کو آگے بڑھ کر پارٹی کو بچانا ہوگا۔ پارٹی کو ان عناصر سے پاک کرنا ہوگا جن کی وجہ سے پارٹی کی ساکھ اور اس کے نظریے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ نوید انجم خان نے اکبر ایس بابر سے ملک اور پارٹی کو درپیش صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

نوید خان نے فارن فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر کے اصولی موقف اور جدوجہد پر اپنی نیک تمناو ں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نوید انجم خان نے اکبر ایس بابر کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ نوید خان سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ہیں ۔ وہ 2014 میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔

نوید خان نے 2018 کے عام انتخاب میں اپر دیر سے حلقہ پی کے 12 سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا تھا اور 22 ہزار ووٹ لئے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے نوید خان کو 2015 میں پی ٹی آئی کے سپورٹس اینڈ کلچر ونگ کا جنرل سیکریٹری مقرر کیاتھا۔ ان کا تعلق دیر کے ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے ۔