کشمیر ی پنڈت بھائیوں پر ہر حملہ کشمیر کی روح پر حملہ ہے۔فاروق عبداللہ


سری نگر(کے پی آئی)  مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی  اورجموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن بھارتی پارلیمنٹ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ پنڈت بھائیوں پر ہر حملہ کشمیر کی روح پر حملہ ہے۔

فاروق عبداللہ نے یہ بات سرینگر میں پارٹی کی اقلیتی ونگ کے نائب صدر امیت کول کی قیادت میں کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے بتایا کہ وفد نے پارٹی صدر کے ساتھ کشمیری پنڈتوں خاص طور پر کشمیر میں رہنے والے پنڈتوں سے متعلق متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے بتایا کہ حکام کی طرف سے سیاسی بیان بازی کے علاوہ انہوں نے انہیں تحفظ دینے اور محفوظ محسوس کرانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔وفد کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ یہ مسائل لیفٹیننٹ گورنر اور بھارتی حکومت کے ساتھ بھی اٹھائیں گے۔کشمیری پنڈتوں کی کشمیر واپسی پر انہوں نے کہا کہ ان کا موقف واضح ہے کہ کشمیری پنڈت، سکھ اور دیگر اقلیتیں ہمارے سماجی و ثقافتی ماحول کا حصہ ہیں۔