جموں کشمیر میں حالات خوفناک رخ اختیارکررہے ،عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے ،سید صلاح الدین


مظفرآباد(صباح نیوز)حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں حالات خوفناک رخ اختیارکررہے ،عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے۔

ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی جموں و کشمیر کی مسلمہ قیادت یکے بعد دیگرے موت کے گھاٹ اتارنے کی کوششیں تیز تر کی جارہی ہیں۔ عالمی برادری اور عالمی اداروں کی مجرمانہ اور جانبدارانہ خاموشی ا نتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام سید علی گیلانی  اور اشرف صحرائی کی زیر حراست مظلومانہ شہادت کے بعد اب ایک اور معروف تحریکی قائد یاسین ملک کو بھی راستے سے ہٹانے کی سازش تیار کی جارہی ہے۔مودی سرکار کی کٹھ پتلی اور عدل و انصاف سے عاری دہلی عدالت کشمیری رہنما کے خلاف زیر سماعت ایک من گھڑت کیس کا حتمی فیصلہ چند ایک دنوں میں سنانے جارہی ہے جو ہندوتوا کے علمبرداروں اور پرستاروں سے داد تحسین حاصل کرنے اور نام نہاد اجتماعی ضمیر کو مطمئن کرنے کی ایک مذموم کوشش ہوگی۔

متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ حق و انصاف کی علمبردار ملت مظلومہ کشمیر کی مسلمہ قیادت کو مسلسل زندانوں میں مقید رکھنا اور انہیں صفحہ ہستی سے مٹانے کے شرمناک منصوبے بنانا اور اس پر عالمی برادری اور اداروں کی پر اسرار خاموشی سے بڑا انسانی المیہ اور کیا ہوسکتا ہے۔

سید صلاح الدین نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام سفارتی ذرائع اور اثر و رسوخ بروئے کار لاکر کشمیری قیادت کا منصوبہ بند قتل وغارت روکنے کی بھر پور کوشش کرے۔حالات جس تیزی کے ساتھ ایک خوفناک رخ اختیار کرتے جارہے ہیں ایسے میں ذرا سی بھی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔