کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے آگرہ تاج کالونی لیاری میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے عوا م کے ہمراہ احتجاج کے دوران جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید پر شرپسند عناصر کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبد الرشید پر حملہ لیاری میں دیرینہ اور حقیقی عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے اور ان کو عوامی جدوجہد اور احتجاج سے روکنے کی کوشش ہے جسے کسی صورت میں بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا
عبد الرشید کی قیادت میں لیاری میں عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہے گی ،سید عبد الرشید رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے سے پہلے بھی لیاری کے عوام کے درمیان موجود تھے اور آج بھی موجود ہیں ،آئندہ بھی عوام کے ساتھ رہیں گے ۔
جماعت اسلامی لیاری کے عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی ۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت فوری طور رکن سندھ اسمبلی پر حملے کی تحقیقات کرائے اور ملوث عناصر فی الفور گرفتار کر کے سزادے۔